امت نیوز ڈیسک //
نیویارک: امریکہ میں بم سائیکلون کی شدت کی وجہ سے لوگ گاڑیوں میں مرنے لگے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں ’بم سائیکلون‘ نامی موسم سرما کے بدترین برفانی طوفان کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔
یخ بستہ ہواؤں اور شدید برف باری کی وجہ سے امریکا میں بم سائیکلون نے نظام زندگی منجمد کر دیا ہے۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں اب تک 59 ہلاکتوں کی تصدیق ہو گئی ہے، نیویارک کے شہر بفیلو میں اب تک 28 اموات ہو چکی ہیں، اور پورا شہر مہلک طوفان کی زد میں ہے، ہر شے برف سے ڈھک چکی ہے۔
گورنر نیویارک نے شہر بھرمیں ایمرجنسی نافد کر دی، امریکہ بھر میں برفانی طوفان کی وجہ سے 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جب کہ ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم اتنا خطرناک ہے کہ باہر نکلنے پر صرف 10 منٹ کے اندر فراسٹ بائٹ ہو سکتی ہے.
کینیڈا کے صوبے اونٹاریو اور کیوبک بھی برفانی طوفان سے شدید متاثر ہیں، کیوبک سے ٹیکساس تک 17 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہو چکے ہیں، جو کرسمس کا دن بجلی کے بغیر گزارنے پرمجبور رہے۔
امریکہ کی جنوب سے لے کر شمال تک ریاستیں آرکٹک سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں، بم سائیکلون نے نیویارک کے دوسرے بڑے شہر بفیلو کو منجمد کر رکھ دیا ہے، مکانات ہو یا ریسٹورنٹس، شاہراہیں ہو یا پارک سب برف سے ڈھک گئے ہیں، اور شہر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مغربی نیویارک کے کچھ حصوں میں 43 انچ سے زیادہ برف پڑی ہے، برفانی طوفان کی وجہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔