امت نیوز ڈیسک //
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام اس وقت انتہائی ناگفتہ بہہ حالات سے گزر رہے ہیں، یہاں کے عوام کو نہ صرف ہر سطح پر نظرانداز کیا جارہاہے بلکہ آئے روز آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کیا جارہاہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اگر وہ واقعی اس پُرآشوب، نامساعد اور ظلم و ستم کے دور سے نجات چاہتے ہیں تو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں،آپسی صفوں کو مضبوط کریں، اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرکے خود میں صبر و تحمل اور عزم و استقلال کا جذبہ پیدا کریں۔اسی میں ہماری کامیابی اور کامران ی کا راز مضمرہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر اس وقت ہر سطح پر تنزلی کا شکار ہے، منشیات کی لعنت ہمارے معاشرے میں اس قدر سرائیت کر گئی ہے کہ اب نشے میں دھت نوجوان اپنی ماﺅں کا قتل کرنے سے بھی نہیں کتراتے ہیں۔
اگرچہ ہم حکومت اور انتظامیہ کی توجہ مسلسل طور پر منشیات کے بڑھے ہوئے رجحان کی طرف مبذول کرانے کی کوششیں کرتے رہے لیکن ان کوششوں کو اَن دیکھا کیا گیا اور آج صورتحال بے قابو ہوتی نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ منشیات کی روک تھام کیلئے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے بلکہ والدین کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو برے کاموں سے باز رکھیں اور اپنے بچوں کو مروج تعلیم کیساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم بھی دے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ کووڈ کی نئی لہر کا خدشہ جتلایا جارہاہے اور باہری ممالک میں صورتحال سنگین بتائی جارہی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور خود کو اس وبائی بیماری سے بچانے کے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کو بھی محفوظ رکھیں ۔