امت نیوز ڈیسک //
حیدرآباد: ہوائی سفر کرنے والے خواہ کوئی بھی ہو، انہیں کچھ نہ کچھ مسائل کا کبھی نہ کبھی سامنا ہوتا ہی ہے۔ ان میں کرکٹرز بھی شامل ہیں جو ایئر لائنز کے معمول کے مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔
حیدرآباد کے بین الاقوامی کرکٹر محمد سراج نے ڈھاکہ سے واپسی کے بعد ایئر وستارا سے ان کا گمشدہ بیگ تلاش کرنے کی درخواست کی ہے۔ وہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد ملک واپس آرہے تھے۔
ٹویٹر پر سراج نے ایئر وستارا کو ٹیگ کیا اور ٹویٹ کیا کہ بیگ میں میری تمام اہم چیزیں تھیں۔ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ بیگ ڈھونڈنے کی کارروائی کو تیز کریں اور جلد از جلد حیدرآباد میں مجھے میرا بیگ پہنچا دیں۔
اس سے قبل، سراج نے ٹویٹ کیا تھا کہ میں 26 تاریخ کو بالترتیب UK182 اور UK951 کی پروازوں سے ڈھاکہ سے براہ دہلی، ممبئی جا رہا تھا۔ میرے ساتھ تین بیگ تھے جن میں سے ایک دوران سفر گم ہوگیا ہے۔ مجھے ایئر لائن کی طرف سے یقین دلایا گیا تھا کہ بیگ جلد ہی مل جائے گا اور اسے آپ تک پہنچا دیا جائے گا لیکن اب تک کچھ نہیں ہوا ہے۔
اس دوران ایئر لائن نے سراج کے سامان کی بحفاظت واپسی کا وعدہ کیا تھا لیکن ایسا لگتا ہے کہ اس سلسلے میں ایئر لائن نے ابھی تک کچھ نہیں کیا ہے۔ اسی لئے سراج کو دوبارہ ٹویٹ کرنا پڑا۔
سراج دو ٹیسٹ سیریز کے لئے بنگلہ دیش میں تھے جو ہندوستان نے 2-0 سے جیتا تھا۔ ہندوستان کی جیت میں سراج کا اہم کردار تھا کیونکہ انہوں نے فلیٹ پچوں پر اپنی اچھی رفتار برقرار رکھی تھی۔
ٹیم انڈیا جلد ہی سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈس پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔ پہلا میچ 3 جنوری کو ہوگا۔