امت نیوز ڈیسک //
جموں:جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں شہری ہلاکتوں کے بیچ سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک کلومیٹر علاقے میں رات نو بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ کی طرف جاری کیے گئے ایک حکم نامہ کے مطابق بارڈر سکیورٹی فورسز کے حکام نے ضلعی سطحی میٹنگ کے دوران کرفیو نافذ کرنے کی سفارش کی۔
حکم نامے کے مطابق بی ایس ایف حکام نے سرحدی علاقوں کے ایک کلومیٹر دائرہ میں مشکوک سرگرمیوں کو روکنے کی خاطر لوگوں کی نقل و حمل پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ لیا.معلوم ہوا ہے کہ سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک لوگوں کی نقل وحرکت کو کم کرنے اور ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر کرفیو نافذ کرنے کی سفارش کی گئی ۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکم عدولی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکم نامے کے مطابق اگر کسی شخص کو ضروری کام کے سلسلے میں کئی جانا ہو تو وہ اسے پولیس اور بی ایس ایف کو قبل از وقت ہی آگاہ کرنا ہوگا۔سرحدی علاقوں میں شبانہ کرفیو فوری طورپر نافذ العمل ہوگا اور اس کی مدت دو ماہ تک رہے گی ۔
بتادیں کہ راجوری میں شہری ہلاکتوں کے بیچ سانبہ کے سرحدی علاقوں میں شبانہ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سدھرا میں چار جنگجووں کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں کو معلوم ہوا ہے کہ مہلوک ملی ٹینٹ سانبہ سرحد کے ذریعے ہی اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
( یو این آئی)