امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج اتر پردیش کے غازی آباد میں راہل گاندھی کے ساتھ "بھارت جوڑو یاترا” میں شامل ہوئے۔فاروق عبداللہ جموں کشمیر کے پہلے سیاسی لیڈر ہیں جو راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئے۔
بتادیں کہ فاروق عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ جموں کشمیر میں اس یاترا کا حصہ بنیں گے۔یہ یاترا آج اتر پردیش سے گزر رہی ہے اور اس ریاست کے بعد یہ ریاست ہریانہ سے گزر کر جموں کشمیر میں داخل ہونے والی ہے۔
کانگرس کے مطابق 22 جنوری کو یہ یاترا جموں صوبے کے کٹھوعہ ضلع سے شروع ہوگی اور نو روز کا پیدل سفر کرکے سرینگر میں اختتام کو پہنچے گی۔ نو روز پر مشتمل یہ یاترا 21 جنوری کو کٹھوعہ کے لکھنپور سے شروع ہوگی اور 30 جنوری کو سرینگر میں اس کا اختتام ہوگا۔
بتایا جاتا ہے کہ سرینگر میں راہل گاندھی لالچوک میں قومی پرچم لہرائیں گے۔ راہل گاندھی کی اس یاترا کو حفاظت کے ساتھ کامیاب بنانے کے لیے گزشتہ ہفتے کانگرس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور دیگر لیڈران ایل جی منوج سنہا سے ملے اور یاترا منقعد کرنے کے لیے اجازت مانگی۔