امت نیوز ڈیسک //
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں جمعرات کے روز بھی سیکورٹی فورسز نے راہگیروں ،موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی لی جس دوران ان کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جا رہے تھے۔معلوم ہوا ہے کہ پائین شہر میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر شہر سری نگر میں سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز شہر کے کئی علاقوں میں ناکہ چیکنگ کے دوران مسافروں، راہگیروں اور سکوٹی سواروں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کئے جا رہے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حول سری نگر میں ہوئے گرینیڈ حملے کے بعد پورے شہر میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا گیا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مشکوک افراد پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر کے نوہٹہ ، حول ، گوجوارہ ، راجوری کدل ، بہوری کدل ، عید گاہ ، نوابازار ، علمگری بازار ، صراف کدل میں شام کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے اہم شاہراوں اور چوراہوں پر ناکے لگا کر گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطا بق سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر شہر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔