امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : سابق وزیر اعلیٰ اور عوامی رہنما مرحوم خواجہ غلام محمد شاہ کی 14ویں برسی منائی گئی۔ اس سلسلہ میں عوامی نیشنل کانفرنس کے زیر اہتمام مرکزی وضلعی ہیڈ کوارٹروں پر مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سرینگر میں مرحوم کے آبائی قبرستان واقع متصل احاط آستان پیر منطقی صاحب پر قرآن خوانی کے بعد فاتحہ خوانی ہوئی۔ اس تقریب میں سرینگر اور وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے اے این سی کارکنوں کی اچھی خاصی تعداد نے شرکت کر کے مرحوم لیڈر کی قربانیوں اور حکمرانی کے دوران عوام پر دور کارناموں کی سراہنا کی۔ کئی مقررین نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ مرحوم شاہ صاحب کا یہ بیان اُن کی دور اندیشی کی تصدیق کرتا ہے کہ مرکزی سرکار کوسو چنا ہو گا کہ اسکی کشمیر پالیسی اس کے داخلی امن کے لئے خطرہ بن رہی ہے اور جب تک ہندوستان اور پاکستان جموں و کشمیر کے لوگوں کی مرضی کا احترام نہیں کریں گے اور لوگوں کی مرضی کے خلاف جارحت اور انتقام گیری سے گریز نہیں کریں گے تب تک امن کی صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ قبرستان کی تقریب پر پارٹی کے سنئیر نائب صدر مظفر شاہ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مرحوم شاہ صاحب کو اُس کی قوم پرستی ، حق گوئی اور عوام خدمات کیلئے زبر دست خراج عقیدت پیش کیا۔ جموں و کشمیر کے موجودہ سیاسی اضطراب اور اضطراری حالات میں مرحوم شاہ صاحب کی عدم موجودگی کو شدت سے محسوس کیا گیا۔