امت نیوز ڈیسک //
بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے ماگام علاقے میں آج صبح ایک سرچ آپریشن انکاؤنٹر میں بدل گیا، سرچ آپریشن کے دوران علاقے میں گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں۔اطلاعات کے مطابق آج صبح ماگام علاقے کے رڈبگ گاؤں میں سکیورٹی فورسز نے تلاشی مہم شروع کئی تو اچانک ان پر یہاں چھپے عسکریت پسندوں نے گولیاں چلائیں،جس کے بعد انکاؤنٹر شروع ہو گیا۔
گولیوں کے تبادلے کے بعد یہ انکاونٹر پھر سے سرچ آپریشن میں تبدیل ہو گیا۔ چونکہ سکیورٹی فورسز کو یہاں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے کارروائی عمل میں لائی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے رڈبگ اور ملحقہ علاقوں کو آج صبح سے ہی محاصرہ میں لے لیا تھا اور ان علاقوں میں داخلے اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا تھا اور ساتھ ہی راہ گیروں سے پوچھ گچھ کی جارہی تھی۔بتایاجارہا ہے کہ ان علاقوں میں عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاعات ملی تھی جس کے بعد یہ کاروائی انجام دی گئی۔
آخری اطلاعات ملنے تک سکیورٹی فورسز کی جانب سے پورے علاقے میں تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے اور یہ دائرہ ملحقہ گاؤں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اس انکاونٹر اور سرچ آپریشن میں کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔