امت نیوز ڈیسک //
جموں // امکانی حملوں کے پیش نظر جموں میں بدھ کے روز بانی الرٹ جاری کیا گیا جبکہ ایم اے اسٹیڈیم کو پوری طرح سے سیل کر کے وہاں کسی کوجانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں معلوم ہوا ہے کہ جموں شہر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا ہے تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز جموں میں سیکورٹی کو اچانک متحرک کیا گیا اور جگہ جگہ ناکے بٹھائے گئے جہاں ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔یوم جمہوریہ کے پیش نظر جموں صوبے میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئےگئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا سراغ رساں ایجنسیوں کی جانب سے اطلاع موصول ہونےکے بعد جموں شہر میں جگہ جگہ اضافی پیراملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ جیش کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونے کے بعد جموں میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا۔
جموں کے ایم اے اسٹیڈیم کو بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کیا اور کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
جبکہ جموں شہر کو چاروں اطراف سے سیکورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جموں شہر میں حساس عمارتوں، فوجی تنصیبات اور پولیس تھانوں کے اردگرد بھی پیراملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ امکانی حملوں کے پیش نظر صوبہ جموں میں تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی طور پر تلاشیوں کا سلسلہ جموں صوبے میں جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر کئی نا کے بٹھائے گئے ہیں۔ ان ناکوں پر گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے ۔