امت نیوز ڈیسک //
سری نگر- جموں قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے ایک بار پھر بند
سری نگر،21 جنوری : وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ہفتے کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل ایک بار پھر روک دی گئی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر پانتھال علاقے میں لگاتار چٹانیں کھسک آ رہی ہیں جس کے پیش نظر اس پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔
بتادیں کہ شاہراہ پر جمعے کے روز بھی زائد از تین گھنٹوں تک ٹریفک بند رہا تھا۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر پہلے سے ہی ٹریفک کی آمد و رفت بند ہے۔
قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ بند ہوتے ہی جہاں ایک طرف بازاروں میں اچانک اشیائے ضروریہ کی کمی پیدا ہوجاتی ہے تو دوسری طرف گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔(یو این آئی)