امت نیوز ڈیسک //
راجوری:جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے سب ڈویژن تھنہ منڈی کےشاہدرہ شریف میں ایک کار حادثے کا شکار ہوگئی اس دردناک حادثے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ہے جب کہ دو دیگر افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اس حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اس اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں و پولیس اہلکاروں نے ہلاک ہوئے شخص اور زخمیوں کو پی ایچ سی تھنہ منڈی پہنچایا۔
راجوری کے تھنہ منڈی کے پی ایچ سی میں زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے وہیں اس حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت محمد رفیق ولد عبدالحمید ساکن کوپرہ شاہدرہ شریف کے طور پر ہوئی ہے جب کہ دونوں زخمیوں نام فخر سجاد ولد محمد شریف ساکن کوپرہ تھنہ منڈی اور ڈرائیور عبدالعزیز ساکن بھنگای بتائے جارہے ہیں۔ اس حادثے کی شکار ہوئی سومو کار زیر نمبر jk11A 3468 بتائی جارہی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل سرحدی ضلع راجوری میں جموں-راجوری شاہراہ پر نوشہرہ کے نزدیک ایک مسافر بردار گاڑی اور ایک نجی آلٹوکار کے مابین زور دار ٹکر ہوگئی تھی اس حادثے میں دو افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی تھی۔ اس حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ میں ماں بیٹی ہلاک ہوئے تھے تاہم حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کو گورنمنٹ ہسپتال نوشہرہ منتقل کیا گیا۔ جموں سے راجوری کی طرف آرہی ایک مسافر بردار بس نے مخالف سمت سے آ رہی ایک آلٹو کارکو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں کار میں سوار ماں بیٹی کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ جبکہ آلٹو گاڑی میں سوار دو دیگر افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور گورنمنٹ ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دیا گیاتھا۔