امت نیوز ڈیسک //
چنئی: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ تمل ناڈو اور جموں و کشمیر کے درمیان ایک لازوال رشتہ ہے۔ یہاں کلاشیتر فاؤنڈیشن میں چار روزہ وِتستا فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا ‘میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ جموں و کشمیر اور تمل ناڈو قدیم زمانے سے جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں خطوں نے پورے ملک کو فکری چمک دمک اور امن اور ہم آہنگی کی شاندار روایت سے روشن کیا ہے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ چار روزہ فیسٹیول جموں و کشمیر کی ثقافت، ادبی ورثے، کھانوں، فن اور موسیقی اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کا سب سے بڑا جشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنئی میں وِتستا جیسے پروگرام ادب، فن، تاریخ، ورثہ اور ثقافت کی لامحدود دنیا کے دروازے وا کرتے ہیں اور ہمیں سوچنے اور اپنے افق کو وسعت دینے کی ترغیب دیتے ہیں۔
سنہا نے کہا ’’ایک بھارت شریشٹھہ بھارت پروگرام کے ذریعے پورے ملک میں جموں و کشمیر کی بھرپور تاریخ، موسیقی اور سماجی و ثقافتی روایت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک کی مختلف ثقافتوں اور تنوع نے معاشرے اور ہماری پوری تاریخ کو روشن کرنے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر، ملک کی سب سے شمالی ریاست تامل ناڈو سے جڑا ہوا ہے، جو ہمارے عظیم ملک کی سب سے جنوبی ریاست ہے جو درحقیقت متنوع ثقافت اور رسم و رواج اور دریائے وتستا اور کاویری کے درمیان روحانی تعلق کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری روایت کی دولت ہمارے تنوع میں مضمر ہے۔( یو این آئی)