امت نیوز ڈیسک //
سری نگر : وادی کشمیر میں پیر کو برف باری کا ایک اور سلسلہ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں سرینگر جموں ہائی وے بند ہونے کے علاوہ دور دراز علاقوں کو جانے والی سڑکیں بھی بند ہوگئیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ وادی ‘چلاں کلاں’ کا مہینہ چل رہا ہے، جو 21 دسمبر کو شروع ہونے والے موسم سرما کا سب سے سخت دور ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک افسر کے مطابق، جموں و کشمیر میں آج شام اور منگل کی صبح کے درمیان درمیانے درجے سے بھاری بارش/برفباری کی توقع ہے۔ پیر کی شام سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔ تاہم، چند مقامات پر منگل کی صبح تک بارش/برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
دریں اثناء بالائی علاقوں میں شدید برف باری کی وجہ سے سطحی نقل و حمل بھی متاثر ہوئی ہے۔ افسر نے بتایا کہ ‘جموں سری نگر قومی شاہراہ چندر کوٹ اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے بند ہو گیا ہے’۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے ساتھ ساتھ وادیٔ کشمیر کے دیگر اضلاع میں گزشتہ 19 جنوری کو محکمۂ موسمیات کے مطابق ہلکی برف باری ہوئی تھی۔ جس کی وجہ سے فضائی ٹریفک متاثر ہوئی تھی۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.5 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی تھی جب کہ گلمرگ میں 10.0 سینٹی میٹر، پہلگام میں 8.7 سینٹی میٹر، کپوارہ میں 2.5 سینٹی میٹر، قاضی گنڈ میں 11.0 سینٹی میٹر، بانہال میں 2.0 سینٹی میٹر اور بٹوٹ میں 2.0 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی تھی۔ دریں اثنا مطلع ابرا آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجۂ حرارت میں مزید بہتری واقع ہوئی تھی۔