امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب – شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں ریلی – کے دوران برفباری کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کانگریس سمیت دیگر جماعتوں کے لیڈران، کارکنان اور مداحوں نے شرکت کی۔ گرچہ برفباری کے سبب عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی اور ٹریفک نظام بھی متاثر ہوا تاہم اس کے باوجود وادی کے طول و ارض سے آئے لوگوں نے شرکت کی۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے ہی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا۔ شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم، سرینگر برف کی سفید چادر سے ڈھک گیا تاہم برفباری، سرد موسم اور ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی مداحوں کو راہل گاندھی کا جلسہ عام سے خطاب سننے سے نہیں روک پائے۔ریلی میں شامل کانگریس حامیوں میں کافی جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ ٹھٹھرتی سردی اور برفباری کے باوجود مداحوں، کانگریس حامیوں نے ریلی میں شرکت کرکے راہل گاندھی کا خطاب سنا۔ کانگریس حامیوں نے ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا: ’’راہل گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا نے صحیح معنوں میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو توڑ کر بھارتی شہریوں کو بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب و ملت جوڑنے کا کام کیا ہے۔‘‘