اننت ناگ / / جنوبی کشمیر کے اننت ناگ قصبے میں ایک کیمسٹ کی طرف سے مبینہ طور پر ہائی ڈوز انجکشن دئے جانے کے بعد ایک پھل فروش کی موت ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق، متوفی کی شناخت عرفان احمد بٹ ولد غلام نبی بٹ ساکنہ جنگلات منڈی، اننت ناگ کے طور پر کی گئی ہے۔ عرفان کے بھائی نے الزام لگایا کہ عرفان گلے کی جلن کی وجہ سے علاقے موجود میں ایک میڈیکل شاپ پر گیا جہاں کیمسٹ نے ٹیسٹ ڈوز کے بغیر ہائی ڈوز انجیکشن دے دیا۔انہوں نے بتایا کہ اس کے فورا بعد وہ بے ہوش ہو گیا اور وہی کیمسٹ اسے قریبی ہسپتال لے کر گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ عرفان کے پسماندگان میں اہلیہ ، بیٹی اور ذہنی طور پر بیمار بہن ہے۔ لواحقین نے اس سلسلے میں تحقیقات کے علاوہ نسخے کے بغیر ادویات فروخت کرنے والے کیمسٹوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا، ایک اہلکار نے بتایا کہ آئی پی سی کی دفعہ 304اے کے تحت ایف آئی آر نمبر 2023 / 44 درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی۔