امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے کرن نگر میں ضلع انتظامیہ نے 12 کنال سر کاری اراضی کو تحویل میں لے کر وہاں پر تعمیر کئے گئے ڈھانچوں کو منہدم کیا۔ سرکاری زرائع نے بتایا کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سری نگر ضلع انتظامیہ نے بھی کریک ڈاون شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منگل کے روز محکمہ مال کی ایک ٹیم نے پولیس کے ہمراہ کر نگر میں 12 کنال سرکاری اراضی کو تحویل میں لے لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ 12 کنال اراضی کی قیمت لگ بھگ 120 کروڑ روپے ہے۔
زرائع کے مطابق اراضی پر کچھ ڈھانچے بھی تعمیر کئے گئے تھے جنہیں جے سی بی کے ذریعے منہدم کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سٹیٹ لینڈ پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف جو مہم شروع کی گئی اُس کے تحت منگل کے روز سری نگر کے کرن نگر علاقے میں اراضی کے ایک بڑے رقبے کو خالی کیا گیا۔ انہوں نے جتایا کہ کر نگر چونکہ تجارتی لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور یہاں پر ایک کنال اراضی کی قیمت لگ بھگ دس سے بارہ کروڑ روپیہ ہے۔