امت نیوز ڈیسک //
سری نگر کے آفتاب مارکیٹ علاقے میں بدھ کو سر بمہر کی گئی تمام دکانوں کو جمعرات کو دوبارہ کھول دیا گیا۔سرکاری زرائع نے بتایا کہ دکانیں سرکاری اراضی پر تعمیر ہونے کی وجہ سے انہیں بند کر دیا گیا تھا تا ہم انتظامیہ نے آج اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے اوردکانیں دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ دریں اثناء کشمیر ٹریڈرز الائنس کے صدر، اعجاز شلدار نے کہا کہ انہوں نے لال چوک ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شیر از احمد کے ساتھ آفتاب مارکیٹ میں 25 دکانوں کو سیل کرنے کا معاملہ لے کر تحصیلدار ساوتھ سرینگر سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ تحصیلدار کی جانب سے انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ آج دکانوں کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ آفتاب مارکیٹ میں بدھ کو 25 دکانوں کو سیل کر دیا گیا تھا جب ایک شکایت کنندہ نے دعوی کیا تھا کہ یہ دکانیں غیر قانونی طورپر قبضہ شدہ اراضی پر تعمیر کی گئی ہیں۔