امت نیوز ڈیسک //
بہار شریف:زیادہ تر نوعمر لڑکوں کا خواب ہوتا ہے کہ وہ کسی لڑکی کے ساتھ تنہائی میں وقت گزاریں، لیکن آپ تصور کیجیے کہ اس لڑکے کا کیا ہوگا جو اچانک خود کو ایک کمرے میں بہت ساری لڑکیوں کے بیچ پائے؟ بہار میں ایک لڑکے کے ساتھ ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا اور آپ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ اس لڑکے کے ساتھ کیا ہوا۔
یہ واقعہ بہار شریف کے رہائشی منی شنکر نام کے ایک طالب علم کے ساتھ پیش آیا۔ منی شنکر بہار شریف کے علامہ اقبال کالج کا طالب علم ہے۔ وہ بارہویں کا امتحان دینے کے لیے اپنے امتحانی مرکز بریلینٹ اسکول گیا۔ وہاں پہنچ کر اس نے جو نظارہ دیکھا، اسے دیکھ کر اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔ وہاں اسے معلوم ہوا کہ وہ 50 لڑکیوں سے بھرے کمرے میں اکیلا لڑکا ہے۔ اتنی ساری لڑکیوں کے بیچ تنہا پا کر وہ گھبرا گیا، اس کی حالت خراب ہو گئی اور بے ہوش ہو کر گر پڑا۔
شنکر کی خالہ نے بتایا کہ وہ لڑکیوں سے بھرے کمرے میں خود کو اکیلا لڑکا پا کر گھبرا گیا اور بے ہوش ہوگیا۔ بچے کی گھبراہٹ کا یہ عالم تھا کہ اسے بخار چڑھ گیا۔ شنکر کی خالہ نے کہا کہ جب وہ امتحانی مرکز گیا تو دیکھا کہ کمرا لڑکیوں سے بھرا ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ گھبرا گیا اور اسے بخار ہوگیا اور پھر وہ بے ہوش ہو گیا۔ بعد ازاں منی شنکر کو علاج کے لیے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں فی الحال اس کی حالت مستحکم ہے۔