امت نیوز ڈیسک //
چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس ) جنرل انیل چوہان جمعرات کے روز کشمیر وارد ہوئے اور فوری طور پر ایل او سی کادورہ کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سی ڈی ایس نے آفیسر ان سے کہا کہ ہمہ وقت متحرک، چاک و چوبند رہنے کی ضرورت ہے۔
دفاعی ترجمان نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے جمعرات کے روز پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں کا دورہ کیا اور وہاں فوجی تیاریوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ سی ڈی ایس کے ہمراہ ناردرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دیودی بھی تھے۔ ان کے مطابق سی ڈی ایس کو جموں و کشمیر کی سیکورٹی صور تحال کے بارے میں بھی مکمل جانکاری فراہم کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ دورے کے دوران سی ڈی ایس کو دراندازی کی کوششوں کے پیش نظر متعلقہ علاقوں میں ذمہ داریوں اور حفاظتی تیاریوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔
سی ڈی ایس نے فوجی جوانوں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور تندہی و پیشہ وارانہ انداز سے اپنے فرائض انجام دینے پر ان کی سراہنا کی۔ سیکورٹی چیلنجوں سے موثر طریقہ سے نپٹنے کے لئے کی جارہی تیاریوں پر بھی سی ڈی ایس نے زور دیا۔ انہوں نے تمام افسران و اہلکار ان سے کہا کہ ہمہ وقت متحرک، چاک و چوبند رہنے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن کے ارادوں کو ناکام بنایا جاسکے۔