امت نیوز ڈیسک //
جموں / / جموں و کشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ لینڈ مافیا نے بڑے پیمانے پر سر کاری اراضی پر قبضہ کر کے اُس زمین کو محکمہ مال کے اہلکاروں کے ساتھ ملی بھگت کر کے غریبوں کو فروخت کیا ہے لہذا ان آفیسر ان کے خلاف بھی اب کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات ہونی چاہئے اور سبکدوش ہونے والے محکمہ مال کے اُن آفیسر ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے جنہوں نے اپنی کرسی کا ناجائز استعمال کر کے سرکاری اراضی کے کاغذات بنائے۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گور نر منوج سنا اور چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کو بتایا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ اُن محکمہ مال کے آفیسر ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے جنہوں نے لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر سرکاری اراضی فروخت کی ہے۔
اُن کے مطابق اس میں غریبوں کا کوئی قصور ہی نہیں کیونکہ محکمہ مال کے سابقہ آفیسران نے اپنی کرسی کا غلط استعمال کر کے سرکاری اراضی کے کاغذات بنائے لہذا کارروائی محکمہ مال کے آفیسر ان کے خلاف ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں لینڈ مافیا نے ہزاروں کنال سرکاری اراضی کو محکمہ مال کے آفیسر ان کے ساتھ مل کر فروخت کیا اور یہاں تک جعلی کاغذات بھی بنا ڈالے۔موصوف صدر نے کہا کہ محکمہ مال کے آفیسران نے لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر غریبوں کو دھوکہ دے کر کروڑوں روپیہ کمائے۔ رویندر رینہ نے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ملنے آئے اور بتایا کہ محکمہ مال کے بعض آفیسران نے لینڈ مافیا سے ملی بھگت کر کے سرکاری اراضی کو فروخت کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے یہ معاملہ ایل جی منوج سنہا اور چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کی نوٹس میں لایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منوج سنہا نے یقین دلایا کہ ملوث محکمہ مال کے آفیسران جن میں پٹواری ، نائب تحصیلدار، تحصیلدار اور گرداوار شامل ہیں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ اس معاملے کی سی بی آئی کے ذریعے جانچ ہوئی چاہئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی الگ ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس نے اراضی خریدی اُس کا تو کوئی قصور نہیں، جرم تو اُس نے کیا جس نے لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر سر کاری اراضی کو فروخت کروایا. اُن کے مطابق ایل جی منوج سنا کو بتایا کہ جن لوگوں کے پاس پانچ سے دس مرلہ اراضی ہے اُن کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جانی چاہئے اور اُن کی کالفیوں کو ریگولر نہ کیا جانا چاہئے۔رویندر رینہ نے کہا کہ ایل جی منوج سنہا نے یقین دلایا کہ غریبوں کےساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر محکمہ مال کے جن آفیسران نے سرکاری اراضی کو فروخت کر کے بہتی ہوئی منگا میں ہاتھ ڈبویا ان کے خلاف بھی اور جو ریٹائر ڈ ہوئے ہیں اُن کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ رویندر رینہ نے بتایا کہ سرکار کو محکمہ مال کے آفیسر ان کی جائیداد کےبارے میں پتہ لگانا چاہئے اور جن آفیسران نے کالے دھن سے جائیداد بنائی انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جانا چاہئے۔










