امت نیوز ڈیسک //
سری نگر / / جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کو کہا کہ جنوبی کشمیر کی لتر بستی کے اچن علاقے میں کشمیری پنڈت بینک گارڈ کے قتل میں ملوث عسکریت پسندوں کا جلد ہی سراغ لگا کر انہیں مار گرایا جائے گا۔ جنوبی کشمیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی ) میں محمد بھٹ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم ملی ٹینٹوں نے لتر کے اچن علاقے میں پنڈت برادری سے تعلق رکھنے والے ایک بینک سیکورٹی گارڈ پر فائرنگ کی، جس میں وہ مارا گیا۔ انہوں نے کہا، ”ہم تیزی سے کام کر رہے ہیں اور معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس گھناونے جرم میں ملوث ملی ٹینٹوں کا جلد ہی سراغ لگایا جائے گا اور انہیں مار گرایا جائے گا”۔ ڈی آئی جی نے جتایا کہ مقتول کی شناخت سنجے پنڈت ولد کاشی ناتھ پنڈت ساکنہ لتر پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ دریں اثناء کشمیری پنڈت سنگھرش سمیتی (کے پی ایس ایس) نے ایک ٹویٹ میں کہا، "حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کشمیر کی 75لاکھ آبادی کو نہیں سنبھال پارہی ہے اور پاک زیر انتظام کشمیر اور بلوچستان کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔ کشمیری پنڈتوں کو کشمیر میں کتوں کی طرح مارا جاتا ہے اور وزارتِ داخلہ اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گور نر اس کو نظر انداز کر رہے ہیں کہ کشمیر اس دنیا میں کشمیری پنڈتوں کے لیے سب سے خطر ناک جگہ ہے "۔







