امت نیوز ڈیسک //
جموں:بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل، چتر پال، کا کہنا ہے کہ ’’بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کے ہموار اور پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے اس یاترا کے انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کی ہیں۔‘‘ ڈی جی پی، بی ایس ایف نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز اکٹریو بارڈر آئوٹ پوسٹ پر منعقدہ نویں عالمی یوگا دن کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
بی ایس ایف کے زیر اہتمام منعقد کی گئی یوگا تقریب میں درجنوں بی ایس ایف اہلکاروں نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا: ’’ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے جوان صحت مند رہیں اور اپنی ڈیوٹی بخوبی انجام دیں، ہم نے یوگا کو روز مرہ کے معمولات میں شامل کیا ہے جس سے ہمارے جوان ذہنی تنائو سے پاک رہتے ہیں۔‘‘ امرناتھ یاتر کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ’’یکم جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا ہمارا سب سے بڑا چلینج ہے ہم نے اس کے انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یاترا کے ہموار اور پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے بی ایس ایف جوان پوری طرح سے تیار اور الرٹ ہیں۔واضح رہے کہ ہمالیہ پہاڑی سلسلہ میں سطح سمندر سے 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ گپھا کی سالانہ یاترا رواں برس یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ جموں وکشمیر انتظامیہ یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے جہاں سیکورٹی کے فقید المثال بندو بست کیا جا رہا ہے وہیں یاتریوں کو دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھی کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جا رہی ہے۔ امر ناتھ یاترا شرائن بورڈ کے مطابق یاتریوں کے لئے چاپر سروس کے لئے آن لان بکنگ بھی شروع ہوگئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر لکھن پور سے پوتر گھپا تک 60 ہزار اجافی سیکورٹی فورسز کو تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ یاترا کے پیش نظر سی آر پی ایف نے ضلع ادھم پور میں کئی مقامات پر سپیشل ڈاگ اسکواڈ تعینات کئے ہیں۔ یاد رہے کہ یاتری جنوبی کشمیر کے پہلگام اور وسطی کشمیر کے بال تل، سونہ مرگ راستوں سے ہوکر امرناتھ گپھا میں شیو لنگم کا درشن کرتے ہیں