امت نیوز ڈیسک //
پاکستان میں نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کے فیصلے کے بعد سمری صدر مملکت کو بھجی گئی جس پر صدر مملکت نے بھی دستخط کردیے ہیں۔ پاک وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان وزیراعظم ہاؤس پاکستان میں آج نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا دوسرا دور ہوا۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں اپوزیشن رہنما راجہ ریاض نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ کا نام میں نے دیا تھا، وزیراعظم شہباز شریف اور میرے درمیان انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے اور وزیراعظم نے اس فیصلے پر دستخط بھی کردیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کے فیصلے پر دستخط کے بعد سمری صدر مملکت کو بھجوادی گئی ہے۔ ایوان صدر کا کہنا ہےکہ صدر مملکت عارف علوی نے نگران وزیراعظم کے لیے بھیجی گئی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔ ترجمان وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔








