امت نیوز ڈیسک //
بڈگام:مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام میں سی آر پی ایف کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس حادثے میں گاڑی پر سوار کم از کم آٹھ سی آر پی ایف (نیم فوجی) اہلکار زخمی ہو گئے۔ یہ اہلکار ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ اچانک رکھئہ آریزال علاقے میں الٹ گئی۔ ایک مقامی ذرائع نے فون پر بتایا کہ سی آر پی ایف کی ایک گاڑی بڈگام ضلع کے رکھئہ آریزال کے قریب الٹ گئی جس کے نتیجے میں اس گاڑی میں سوار 181 بی این کے آٹھ سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام زخمی بی ایس ایف اہلکاروں کو نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ بعد ازاں بڈگام پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی اور مزید تفتیش شروع کر دی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے بھی سکیورٹی اہلکاروں کی مدد کی۔
اس سے قبل یو ٹی لداخ میں انیس اگست کی شام ایک فوجی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ یہ گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں گر گئی تھی۔ اس المناک سڑک حادثے میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر (جے سی او) سمیت 9 فوجی جوان ہلاک ہو گئے“۔