امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس کشمیر وجے کمار نے ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔اس میٹنگ میں پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ سکیورٹی فورسز اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آ ف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے میٹنگ کے دوران بتایا کہ قومی شاہراہ پر وی وی آئی پیز، سینئر آفیسران کی نقل وحرکت کے دوران نجی ٹریفک کو نہیں روکا جائے گا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے اننت ناگ ضلع میں سکیورٹی صورتحال اور قومی شاہراہ پر فوجی کانوائی کی نقل وحرکت کے دوران سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ۔
انہوں نے میٹنگ میں موجود فوج ، پولیس اور انٹیلی جنس آفیسران کو مشورہ دیا کہ وہ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر کانوائی مومنٹ کا ایک مشترکہ سروے کرے اور اگر ممکن ہو تو ایس او پیز میں ترمیم کرنے کی سفارش کریں تاکہ فوجی کانوائی کی نقل وحرکت کے دوران نجی ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو سکے۔
میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی نے ایس ایس پی اور فوج کے سینئر آفیسران کو مشورہ دیا کہ وہ قومی شاہراہ پر ایسے مقامات کی نشاندہی کریں جہاں ڈیوائیڈرز کو مزید اونچا کیا جاسکے۔انہیں یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ ایسے مقامات کی نشاندہی کریں جہاں سروس لین کی ضرورت ہے اور قومی شاہراہ پر ٹریفک کی ہموار روانی کو برقرار رکھنے کے لئے مشترکہ سفارشات بھی بھیجیں جہاں پر انڈر پاس اور آور پاس کی ضرورت ہو ۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے پولیس کے سینئر آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ ان مقامات کی بھی نشاندہی کریں جہاں پر اضافی سی سی ٹی وی نصب کیے جائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ فوجی کانوائی کی نقل وحرکت کے دوران سر ی نگر جموں شاہراہ کے حساس مقامات پر ایس ایچ او ز اور ایس ڈی پی اوز تعینات کئے جائیں گے۔
وجے کمار نے آفیسران کو احکامات جاری کئے کہ قومی شاہراہ پر غیر قانونی تعمیرات کھڑی کرنے کی کسی بھی صورت میں اجازت نہ دی جائے اور شاہراہ کے اردگرد غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کی خاطر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی اور سیول انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون فراہم کریں۔
میٹنگ کے آخر پر فیصلہ لیا گیا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر وی وی آئی پیز، سینئر آفیسران کی نقل وحرکت کے دوران نجی ٹریفک کو نہیں روکا جائے گا اور فوری اقدام کے طورپر سیولین ٹریفک کی روانی کے لئے مزید اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔
میٹنگ میں موجود آفیسران کو مشورہ دیا گیا کہ وہ قومی شاہراہ پر مشترکہ سروے کریں اور سیکورٹی پر سمجھوتہ کئے بغیر سیولین ٹریفک کی روانی کو آسان بنانے کی خاطر ایس او پیز تیار کریں۔نئے ایس او پیز کو مزید منظوری کی خاطر اعلیٰ حکام کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ نیشنل ہاوے پر لیٹرل انٹری پر خصوصی توجہ دی جائے اور اضافی اہلکاروں کی بھی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔
اے ڈی جی پی نے ٹریفک پولیس حکام پر زور دیا کہ وہ نجی گاڑیوں کی ہموار روانی کو یقینی بنانے کی خاطر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کریں تاکہ عام لوگوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔اے ڈی جی پی نے سبھی اضلاع کے ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ قومی شاہراہ کے اردگرد علاقوں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز میں شدت لائے اور ان علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹ مدد گاروں اور سہولیت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔