امت نیوز ڈیسک //
سری نگر میں خواتین کے لئے مخصوص لل دید ہسپتال میں بدھ کے روز ایک جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کیا گیا جو گزشتہ تین دنوں سے لیبر روم میں مریضوں کا علاج کر رہا تھا۔ڈپٹی میڈیکل سپر انٹنڈنٹ کے مطابق جعلی ڈاکٹر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔اطلاعات کے مطابق لل دید سری نگر میں بدھ کے روز ایک ایسا واقع رونما ہوا جس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
خواتین کے لئے مخصوص لل دید ہسپتال میں ایک جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کیا گیا جو گزشتہ تین دنوں سے لیبر روم میں مریضوں کا علاج کر رہا تھا۔جوں ہی یہ معاملہ سامنے آیا توہسپتال میں افرا تفری مچ گئی اور تیمار داروں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاج کیا اورجعلی ڈاکٹر کے ساتھ ساتھ ہسپتال انتظامیہ جنہوں نے غفلت کا مظاہرہ کیا کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تیمارداروں نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک جعلی ڈاکٹر لیبر روم میں بیٹھ کر مریضوں کا علاج کرئے اور ہسپتال انتظامیہ کو تین روز تک اس کی علمیت نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ جب بھی کسی حاملہ خاتون کو لل دید ہسپتال میں بھرتی کیا جاتا ہے تو تیمارداروں کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہوتی تو جعلی ڈاکٹر کو کس نے لیبر روم میں علاج کرنے کی اجازت دی اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئے۔دریں اثنا ہسپتال کی ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر میمونہ نے میڈیا کو بتایاکہ تین روز تک لیبر روم میں مریضوں کا علاج ومعالجہ کرنے والے ایک جعلی ڈاکٹر کو پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لیبر روم میں ایک ڈاکٹر کو بغیر وردی پہننے دیکھا گیا جس کے بعد ہسپتال کی حفاظت پر مامور سیکورٹی عملے کو اس پر شک ہوا ، اور انہوں نے اس بارے میں ہسپتال انتظامیہ کو آگاہ کیا۔
ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ فوری طورپر لیبرروم میں پہنچی اور ڈاکٹر کو اپنا شناختی کارڈ دکھانے کو کہا گیا جس کے جواب میں جعلی ڈاکٹر نے بتایا کہ وہ صدر ہسپتال سری نگر میں تعینات ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب لل دید انتظامیہ نے صدر ہسپتال کے ساتھ رابط قائم کرکے ڈاکٹر کی تفصیلات مانگی تو انہوں نے بتایا کہ اس نام کا کوئی ڈاکٹر ہسپتال میں تعینات نہیں ہے۔
ڈاکٹرمیمونہ کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ نے فوری طورپر راجباغ پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کیا اور پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور جعلی ڈاکٹر کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ذرائع نے جعلی ڈاکٹر کی شناخت عاتف کے بطور کی ہے۔(یو این آئی)