امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، وادی کشمیر میں بدھ کے روز بلند پایہ ولی کامل حضرت خواجہ بہاو الدین نقشبندصاحب (رح) کا سالانہ عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں سری نگر کے خواجہ بازار علاقے میں ’خوجہ دگر‘ کے موقع پر ہزاروں عقیدتمندوں نے نماز عصر میں شرکت کی جس دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پائین شہر کے خواجہ بازار علاقے میں بدھ کے روز حضرت خواجہ بہاو الدین نقشبند صاحب (رح) کا سامانہ عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔عرس کی منابست سے خواجہ بازار سری نگر میں خوجہ دگر (عصر کی نماز ) پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سہ پہر پونے پانچ بجے آستانہ عالیہ میں خوجہ دگر کا اہتمام ہوا جس میں وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے ہزاروں مرد وزن نے شرکت کی اور خواجہ دگر ادا کیا۔عقیدتمندوں کی تعداد آستانہ عالیہ پر اس قدر دیکھنے کو ملی کہ وہاں سڑکوں، گلی کوچوں اور آستانہ عالیہ کے احاطے میں صف بندی کرکے لوگوں نے نماز ادا کی جس دوران نوہٹہ سے لے کر خانیار تک جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا۔
سالانہ عرس کے سلسلے میں خواجہ بازار نوہٹہ میں دن بھر اچھی خاصی چہل پہل رہی اور خواتین زائرین کا تانتا بندھا رہا۔ اس سے قبل رات بھر درود و اذکار اور قرآن خوانی کی مجالس آراستہ ہوئیں۔
نماز عصر کے بعد خانقاہ فیض پناہ نقشبند صاحب میں ختمات المعظمات اور درود ازکار کا اہتمام ہوا جس دوران خصوصی دعاﺅں کا بھی اہتمام ہوا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خوجہ دگر کے موقع پر لوگ عید کی طرح نئے کپڑے زیب تن کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے آبا و اجداد اس روز نئے کپڑے پہننے کے ساتھ ساتھ مہمانوں کو بھی گھر پر بلاتے تھے جو خوجہ دگر میں شمولیت کے بعد واپس گھر چلے جاتے تھے۔ (یو این آئی)