امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ پہاڑی سلسلہ پر اتوار کی صبح ہلکی برف باری ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ پہاڑی سلسلہ پر اتوار کی صبح ہلکی برف باری ہوئی جس وجہ سے میدانی علاقوں میں سردی میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
برف باری کی وجہ سے اس پہاڑی سلسلے پر سفید چادر بچھ گئی ہے جس کا نظارہ گلمرگ کے نزدیک واقع سبھی علاقوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔ دیگر کچھ پہاڑیوں نے بھی برف باری سے سفید رنگ و روپ اختیار کر لیا ہے۔
دریں اثنا ماہر موسمیات فیضان کینگ نے بتایا کہ اتوار کی صبح گلمرگ کے افروٹ پہاڑی پر ہلکی برف باری ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے میدانی علاقوں میں کہیں کہیں بارشیں جبکہ اونچے پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ فی الحال موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے۔
بتادیں کہ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ اگست میں موسم مکمل طور پر خشک رہا جس سے درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا گیا اور گرمی کی شدت بھی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر میں بھی موسم مجموعی طور خشک رہنے کا قوی امکان ہے۔(یو این آئی مشمولات کے ساتھ)