امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول نے اتوار کے روز دعویٰ کیا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس بڑی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی۔انہوں نے میر واعظ اور دوسرے مذہبی رہنماوں کی رہائی کا خیر مقدم کیا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات کی خاطر کانگریس نے تیاریاں شروع کی ہیں۔وقار رسول وانی نے کہا کہ جموں وکشمیر کے تمام 90 حلقوں میں کانگریس کافی مضبوط ہے اور جب بھی چناو ہونگے کانگریس بڑی پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بی جے پی، این سی ، اور پی ڈی پی کا اثر رسوخ محدود ہے لیکن کانگریس واحد ایسی پارٹی ہے جو جموں وکشمیر کے دونوں خطوں میں مضبوط ہے۔پردیش کانگریس کے صدر نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ آئے روز لوگ جڑ رہے ہیں جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پارٹی کی جیت یقینی ہے۔
مذہبی رہنماوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے وقار رسول وانی نے کہا کہ کسی کو بھی کریڈٹ لینے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ ، ویری اور داؤدی جیسے مذہبی رہنماوں کو گرفتار کرنا غلط فیصلہ تھا.