امت نیوز ڈیسک //
جموں:نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کی قیادت میں منگل کو جموں میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اس میٹنگ میں پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی، کانگریس کے ریاستی صدر وقار رسول وانی، کانگریس لیڈر رمن بھلا، سی پی آئی ایم لیڈر ایم وائی تاریگامی اور ریاست کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کے بعد سب نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ 10 اکتوبر کو حکومت کے خلاف پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جموں و کشمیر میں آئین کو معطل کر دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر، وزیر داخلہ، پی ایم مودی بار بار کہتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں سب کچھ نارمل ہے، پھر الیکشن کیوں نہیں ہو رہے؟ رکن اسمبلی نے سوال کیا کہ حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹ کی تیاری کے بعد بھی جموں و کشمیر میں انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے ہیں۔
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ نے غلام نبی آزاد اور الطاف بخاری کو نشانہ بنایا ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ دونوں لیڈروں کی پارٹیاں حکومت کی پارٹیاں ہیں۔ واضح رہے کہ کل جماعتی میٹنگ میں غلام نبی آزاد کی پارٹی، پروگریسو ڈیموکریٹک آزاد پارٹی اور الطاف بخاری کی جموں کشمیر اپنی پارٹی کو نہیں مدعو کیا گیا تھا۔
وہیں جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول وانی نے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کو ملک میں نمبر ون بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ہم چار سال بعد جموں و کشمیر کو بدعنوانی اور بے روزگاری میں پہلے نمبر پر پاتے ہیں، جب کہ حالیہ عسکریت پسندوں کے حملوں کی وجہ سے یہ بات سامنے آئی ہے”۔