امت نیوز ڈیسک //
شمالی سکم میں بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب کے بعد کم از کم 23 فوجی افسران کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ شمالی سکم میں لوناک جھیل پر اچانک بادل پھٹنے سے وادی لاچن میں تیستا ندی میں سیلاب آ گیا۔
نیوز پورٹل ’نیوز 18‘ پر شائع ہوئی خبر کے مطابق وادی کے ساتھ کچھ فوجی ادارے بھی متاثر ہوئے ہیں اور تفصیلات کی تصدیق کی کوششیں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 1:30 بجے پیش آیا۔
سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ نے بھی سنگتم میں سیلاب کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق چنگتھانگ ڈیم سے اچانک پانی چھوڑنے سے پانی کی سطح 15 سے 20 فٹ بلند ہو گئی ہے۔جس کی وجہ سے سنگتم کے قریب باردانگ میں کھڑی فوج کی گاڑیاں متاثر ہو ئی ہیں۔ جبکہ 23 جوان لاپتہ ہیں، فوج کی 41 گاڑیاں بھی کیچڑ کے نیچے دب گئی ہیں۔ سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
فوج امدادی کارروائیوں میں آپریشنل چیلنجوں سے بھی لڑ رہی ہے کیونکہ علاقے میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کم ہے۔ جو افسران کمانڈ لیول پر ہیں انہیں زمین پر موجود لوگوں سے رابطہ قائم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ لاپتہ افراد کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔