امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: فوج نے لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ کے تین علاقوں میں ڈی مائننگ آپریشن کے دوران 175 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا ہے۔
فوج نے یہ کارروائی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کے مطالبے کے پیش نظر انجام دی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ لیہہ سنتوش سکھا دیو نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘فوبرانگ، تھیورگو اور لولنگ گائوں کے لوگوں کی جانب سے ہم فائر اینڈ فیوری کور کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے باڑ لگانے اور 175 سے زائد بارودی سرنگوں کو کامیابی کے ساتھ تباہ کرکے علاقے کو صاف کرنے کے لئے تیز رفتار کارروائی کی’۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ کن قدم نے لداخ میں سول ملٹری بندھن کو مضبوط تر کرتے ہوئے دیہی علاقوں کے لوگوں کے تحفظ کے خدشات کو مثبت طریقے سے حل کیا۔
دریں اثنا پھوبرنگ کے سرپنچ نے بھی فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ‘میں فوج کا شکر گذار ہوں جنہوں نے سال 1962 میں بچھائی گئی سرنگوں کو تباہ کیا’۔
انہوں نے کہا کہ ان سرنگوں سے ہمیں کافی نقصان اٹھانا پڑتا تھا۔(یو این آئی)