امت نیوز ڈیسک//
سرینگر:جموں و کشمیر اور لداخ یوٹیز میں5.5 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے پیر کی سہ پہر محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم زلزلے سے کوئی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق زلزلہ جموں و کشمیر اور لداخ میں پیر کی سہ پہر3 بجکر 48 منٹوں پر آیا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی اور زیر زمین اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔زلزلے کا مرکز کرگل، لداخ میں تھا،جس کی گہرائی 10 کلومیٹر کی تھی۔
زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔بتادیں کہ آج پاکستان میں 4.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔واضح رہے کہ جموں وکشمیر زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک زون پانچ اور چار میں آتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سال رواں کے ماہ جون میں جموں وکشمیر اور لداخ یونین ٹیریٹری میں زائد از ایک درجن زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اگرچہ ان زلزلوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم زلزلوں کے چھٹکے عوام کو گھروں سے باہر آنے پر مجبور کرتے ہیں اور زلزلے کے جھٹکے یہاں کی عوام کو سنہ 2005 کے تباہ کن جھٹکوں کی یاد دلاتے ہے۔








