امت نیوز ڈیسک //
12،جنوری:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پولیس نے ایک رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران 27. 9 کلو چرس پاوڈر اور 867شراب کی بوتلیں برآمد کر کے ضبط کیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اننت ناگ پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایک کنبہ غیر قانونی طور پر شراب فروخت کرنے اور ممنوع نشیلی اشیاء کے کاروبار میں ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محمد رمضان گنائی ولد غلام رسول گنائی، شهزاده اختر زوجہ محمد رمضان گنائی ، زبیر رمضان گنائی ولد محمد رمضان گنائی ساکنان سیر همدان مٹن اننت ناگ غیر قانونی طور پر شراب اور چرس پاوڈر فروخت کرنے کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ موصوف ترجمان نے بتایا کہ باوثوق ذرائع سے پولیس کو پتہ چلا کہ کنبے نے رہائشی مکان کے صحن میں کمین گاہ بنائی ہے جہاں پر انہوں نے شراب اور ممنوع نشیلی اشیاء کا ذخیرہ جمع کیا ہے۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 4/2024 کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اننت ناگ پولیس اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی سر براہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جنہوں نے رہائش مکان پر رات بھر رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران 9.27 کلو چرس پاوڈر اور 867 شراب کی بوتلیں برآمد کر کے ضبط کیں۔ پولیس نے میاں، بیوی اور اس کے فرزند کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ پولیس نے رہائشی مکان سے ایک سیوفٹ گاڑی، بالنو گاڑی، موٹرسائیکل اور نقدی تیرہ ہزار 325 روپیہ بھی تحویل میں لئے۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے ایک دفعہ پھر اپیل کی ہے کہ وہ منشیات اور غیر قانونی طور پر شراب فروخت کرنے والوں کے بارےمیں پولیس کو مطلع کریں۔