امت نیوز ڈیسک //
ایودھیا: ریاست اترپدیش کے ضلع ایودھیا میں آج رام مندر کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں کے انتظار کے بعد آج ہمارے رام آئے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ "میں اس تاریخی لمحے کے لیے تمام عقیدت مندوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ہمارے رام للا خیمے میں نہیں رہیں گے۔ بلکہ وہ اب مندر میں رہیں گے۔”
پی ایم مودی نے کہا کہ "22 جنوری کیلنڈر پر کوئی عام تاریخ نہیں ہے، یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ ہزاروں سال بعد بھی لوگ اس تاریخ کو یاد رکھیں گے۔ یہ رام کے وجہ سے ہی ممکن ہو سکا ہے کہ آج ہم ان کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔”
وزیر اعظم کے مطابق انہوں نے مختلف زبانوں میں رامائن سنی۔ "ہر دور میں، لوگوں نے بھگوان رام کو جیا ہے۔ لوگوں نے مختلف طریقوں سے بھگوان رام کا اظہار کیا ہے۔ آج اس تاریخی موقع پر لوگ ان لوگوں کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔”
اس موقع پر پی ایم مودی نے ملک کی عدلیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان رام کے وجود پر قانونی جنگ دہائیوں تک جاری رہی۔ میں انصاف کرنے کے لیے ہندوستان کی عدلیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔”
پی ایم مودی نے مزید کہا کہ "اس مندر کی تعمیر نے کسی آگ کو نہیں بلکہ ایک مثبت توانائی کو جنم دیا ہے۔ رام آگ نہیں بلکہ ایک توانائی ہیں۔ رام تنازعہ نہیں بلکہ اطمینان ہیں۔ رام سب کے ہیں۔” اس موقع پر پی ایم مودی سمیت کئی مشہور شخصیات اس پروگرام کا حصہ تھیں۔