امت نیوز ڈیسک //
سری نگر:وسطی ضلع بڈگام کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے لاوڈ سپیکروں پر اعلانات کئے جار ہے کہ لوگ ممنوع تنظیموں تحریک حریت اور مسلم لیگ (مسرت عالم گروپ)کے ساتھ وابستگی نہ رکھیں ۔
پولیس نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے ساتھ تعلق رکھنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز بڈگام کے مختلف علاقوں میں پولیس نے لاوڈ سپیکروں پر اعلان کیاکہ لوگ کالعدم تنظیموں تحریک حریت اور مسلم لیگ (مسرت عالم گروپ)کے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق نہ رکھیں۔
پولیس کی گاڑیوں پر لگے لاوڈ سپیکروں کے ذریعے کہا جا رہا تھا کہ دونوں تنظیموں کو مرکزی وزارت داخلہ نے ممنوع قرار دیا ہے لہذا لوگ ان جماعتوں سے دور رہیں ۔
پولیس نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلق کو غیر قانونی فعل قرار دیا جائے گا اور ایسے افراد کے خلاف قانون چارہ جوئی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
بتادیں کہ مرکزی وزارت داخلہ نے تحریک حریت (گیلانی گروپ)اور مسر ت عالم بٹ کی مسلم لیگ کو ممنوع قرار دے کر دونوں پر پابندی عائد کی ہے۔