امت نیوز ڈیسک //
کسی بھی علاقائی سیاسی جماعت کا نام لئے بغیر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ اگرچہ کچھ عناصر جموں و کشمیر کے بارے میں افراتفری اور الجھنیں پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن انہیں توجہ دینے، حمایت کرنے یا ان کی صفوں میں شامل ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
نئی دہلی کے پرتھوی راج روڈ پر منعقدہ ” جموں کشمیر سمباﺅ“پروگرام کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کر تے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ”جموں و کشمیر کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے والے چند عناصر ہیں، لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ان کی صفوں کی حمایت کرنے اور ان میں شامل ہونے کی ضرورت نہیں ہے“ ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور رہنمائی میں جموں و کشمیر نے گزشتہ 4 سے 5 سالوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی دیکھی ہے اور اس اصلاح کو بیرون ملک کے لوگوں کے سامنے ظاہر کرنے کیلئے حکومت نے سات روزہ جموں و کشمیر سمباو پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا ” آج پہلی بار آزادی کے بعد جموں و کشمیر نے غیر ملکیوں سمیت سیاحوں کی ایک بڑی آمد دیکھی ہے۔
دو سال پہلے جموں و کشمیر میں بالترتیب 1.87 کروڑ، پھر 2.17 لاکھ سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ “ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پہاڑیوں کو ریزرویشن دینے کا مقصد انہیں قومی دھارے کے طبقے میں لانا ہے تاکہ وہ قوم کی تعمیر میں اپنی کوششوں کو بروئے کار لا سکیں۔