امت نیوز ڈیسک //
موسمی ایڈوائزری کے پیش نظر اپنے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر اوئیس احمد نے کہا کہ سرینگر کے 35 وارڈوں میں ایس ایم سی برف ہٹانے کیلئے اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے 43 مشینیں اور 2500 اہلکاروں کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے ۔
ڈاکٹر اوئیس احمد زور دے کر کہا کہ کارپوریشن کے افراد اور مشینری کو چوکس رکھا گیا ہے اور برف صاف کرنے کے اقدامات سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہے برف صاف کرنے کا معاملہ ہو، پانی نکالنے کا، کنٹرول روم کے قیام کا یا ضلع سری نگر کے تمام وارڈوں میں فیلڈ اسٹاف کی تعیناتی کا، کارپوریشن صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا ” سرینگر ضلع میں ہمارے 35 وارڈ ہیں جن کیلئے ہم نے برف صاف کرنے کے اقدامات سے نمٹنے کیلئے 43 برف صاف کرنے والی مشینیں، 127 موبائل ڈی واٹرنگ پمپ اور 3500 سے زیادہ فیلڈ اسٹاف کو الرٹ موڈ پر رکھا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ سرینگر شہر کے لوگوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ “
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ، ہمارے پاس اس سال ہائی ٹیک مشینری کے علاوہ مستقل پمپنگ اسٹیشن موجود ہیں تاکہ موسم کی خرابی کے دوران لوگوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کی مداخلتوں کی وجہ سے سر نگر شہر میں نکاسی آب کے نیٹ ورک میں پچھلے کچھ سالوں میں کافی بہتری آئی ہے اور مستقبل میں پانی کی نکاسی کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔