امت نیوز ڈیسک //
بانڈی پورہ، 21 فروری: شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں بدھ کو ایک مدرسہ میں دم گھٹنے سے دو نوجوان لڑکوں کی المناک موت ہوگئی۔
ذرائع نے خبر رساں ایجنسی کشمیر اسکرول کو بتایا کہ مبینہ طور پر دو نابالغ لڑکے جو ایک کمرے میں سو رہے تھے جس میں لکڑی کا ہیٹنگ کا انتظام کیا گیا تھا، بدقسمتی سے بانڈی پورہ کے اشٹنگو گاؤں میں فیض العلوم مدرسہ کے اندر دم گھٹنے سے رات کے وقت انتقال کر گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ کمرہ مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے دونوں کی دم گھٹنے سے موت ہوگئی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی ہیں جن کی شناخت دس سالہ منیر احمد چیچی اورنو سالہ تنویر احمد چیچی کے نام سے ہوئی ہے۔
ایک پولیس افسر نے نیوز ایجنسی کشمیر اسکرول کو بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ (کشمیر اسکرول)