امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: وزیر اعظم نریندر مودی آج جموں و کشمیر کے گرمائی دار الحکومت سری نگر کے دورے پر ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر وادی کشمیر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اس موقعے پر وزیر اعظم سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں ‘وکست بھارت وکست جموں کشمیر’ پروگرام میں شرکت کریں گے جہاں وہ جموں و کشمیر کی سیاحت اور زرعی معیشت کو فروغ دینے کے لیے متعدد پروجکٹوں کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم کی اس میگا ریلی میں شرکت کے لیے لوگ بڑی تعداد میں بخشی اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ مودی کے دورے کے پیش نظر بالعموم وادی کشمیر اور بالخصوص پروگرام کے مقام بخشی اسٹیڈیم کے قرب و جوار میں سکیورٹی ہائی الرٹ پر رکھی گئی ہے۔
اس موقعے پر وزیر اعظم اس یونین ٹیریٹری کی زرعی معیشت کو فروغ دینے کے لیے تقریباً 5000 کروڑ روپے کی لاگت کے پروگرام ‘ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام’ کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ پیلگریم ریجوینیشن اینڈ اسپرچوئل ہیریٹیج اگمنٹیشن ڈرائی اسکیم کے تحت ‘حضرت بل مزار کی مربوط ترقی’ سمیت شعبۂ سیاحت سے متعلق 1400 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد پروجیکٹوں بھی کا آغاز کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ’’دیکھو اپنا دیش، عوام کی پسند کے سیاحتی مقام ‘‘ اور ’’چلو انڈیا گلوبل ڈائیسپورا‘‘ مہم بھی شروع کریں گے۔ وہ چیلنج بیسڈ ڈیسٹینیشن ڈیولپمنٹ (سی بی ڈی ڈی) اسکیم کے تحت منتخب کردہ سیاحتی مقامات کا بھی اعلان کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم، جموں و کشمیر کے تقریباً 1000 نئے سرکاری ملازمین میں تقرری نامہ تقسیم کریں گے۔ بخشی اسٹیڈیم میں پی ایم مودی کی میگا ریلی میں بڑی تعداد میں سرکاری ملازمین شرکت کریں گے جو پروگرام میں شرکت کے لیے اپنے اپنے علاقوں سے روانہ ہو چکے ہیں۔
سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں پی ایم مودی کے پروگرام میں کشمیر کے مختلف حصوں سے ہزاروں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی فورسز پہلے سے ہی ہائی الرٹ پر ہیں۔ مختلف علاقوں میں ناکے لگائے ہیں۔ حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ بخشی اسٹیڈیم کی ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے۔