امت نیوز ڈیسک //
اسلام آباد: حکمران اتحاد کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری دوسری بار صدر مملکت منتخب ہوگئے۔ ’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں 381 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا جن میں سے آصف علی زرداری نے 255 ووٹ حاصل کیے، ان کے مقابل محمود اچکزئی کو 119 ووٹ ملے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔ آصف زرداری کوپنجاب اسمبلی سے 246، سندھ اسمبلی سے 151، خیبر پختونخوا اسمبلی سے 17 اور بلوچستان اسمبلی سے 48 ووٹ ملے۔
سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی نے پنجاب اسمبلی سے 100، سندھ اسمبلی سے 9، خیبر پختونخوا اسمبلی سے 91 ووٹ حاصل کیے، بلوچستان اسمبلی سے انہیں کوئی ووٹ نہیں ملا، نومنتخب صدر آصف زرداری کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ قبل ازیں، صدر مملکت کے انتخابات کے لیے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹ ڈالے گئے جس کے بعد قومی اسمبلی میں پریزائیڈنگ افسر نے ہال کے دروازے بند کرنے کا حکم دے دیا۔
صبح 10 بجے شروع ہونے والی ووٹنگ کے دوران وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، حکمران اتحاد کی جانب سے صدر مملکت کے عہدے کے نامزد آصف علی زرداری، سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ووٹ کاسٹ کیا۔
واضح رہے کہ دوسری مرتبہ پاکستان کے صدرِ بننے والے آصف علی زرداری پہلی مرتبہ 2008 میں 5 سال کے لیے اس عہدے پر فائز ہوئے تھے، انہوں نے مخالفت کے باوجود اقتدار سنبھالنے کے فوری بعد مفاہمتی پالیسی اختیار کی اور پانچ سال اس پالیسی پر عمل پیرا رہے، انہوں نے اپنے دور صدارت میں کچھ ایسے فیصلے کیے جنہیں اعلیٰ سطح پر سراہا جاتا ہے۔