امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کے زبرون پہاڑی سلسلے کے جنگلی علاقے میں اتوار دیر رات آگ نمودار ہوئی، جس نے ایک وسیع العریض علاقے کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ محکمہ جنگلات ، وائلڈ لائف اور فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار رات بھر آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف رہے۔
اطلاعات کے مطابق سرینگر کے زبرون پہاڑی سلسلے کے جنگلی علاقے میں اتوار دیر رات آگ نمودار ہوئی، جس نے آناًفاناً ایک وسیع علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں آگ نمودار ہونے کے ساتھ ہی محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف اور فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی میں جٹ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ نماز فجر تک آگ بجھانے کی کارروائی جاری رہی، جس دوران رہائشی بستی تک آگ کو پھیلنے سے روک دیا گیا۔
رینج آفیسر وسیم بلخی نے بتایا کہ زبرون پہاڑی پر برین کے نزدیک جنگل سے آگ نمودار ہوئی، تاہم غنیمت یہ رہی کہ درختوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ان کے مطابق رات بھر محکمہ جنگلات کے اہلکار آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف رہے۔
انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔رینج آفیسر نے بتایا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ شام کے اوقات میں ہوا خوری کرنے کی خاطر لوگ جنگل میں داخل ہو کر وہاں پر الاو بھی جلاتے ہیں جس وجہ سے اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
(یو این آئی)