امت نیوز ڈیسک //
26 مارچ : پلوامہ ضلع میں ایک شخص کے خلاف مجرمانہ دھمکیاں دے کر عوام سے پیسے بٹورنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق "آج پولیس سٹیشن راجپورہ کو معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ پولیس سٹیشن کے دائرہ اختیار میں کچھ لوگ مجرمانہ دھمکیوں کے ذریعے دھوکہ دہی کے ذریعے عام لوگوں سے پیسے بٹور رہے ہیں“۔
اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 22/2024 زیر دفعہ 384، 506، 420 درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ دوران تفتیش ایک شخص عندلیب احمد میر ولد عبدالرشید میر ساکن راج پورہ کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس کے قبضے سے جرم کے لیے استعمال ہونے والا کھلونا پستول برآمد کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ "عام عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ ایسے شرپسند عناصر جو بھتہ خوری کرنے اور خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنے کے لیے بلاجواز دہشت گردی کا استعمال کر رہے ہیں، ان کی فوری نشاندہی کی جائے اور پولیس کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کیا جائے۔” (جی این ایس)