امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں در اندازی کی کوشش، جس کو ناکام بنا دیا گیا، در اصل عام انتخابات سے قبل وادی کشمیر میں بد امنی کو ہوا دینے کی پاکستان کی مایوسی و نا امیدی کی علامت ہے۔بتادیں کہ ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں جمعہ کی صبح لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیکورٹی فورسز نے در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا کر دو عدم شناخت ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ایک فوجی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فوج نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران جمعہ کے روز بارہمولہ میں ایل او سی پر در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا: ‘کئی انٹلی جنس ایجنسیوں سے متعدد اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دہشت گرد گروہوں کی طرف سے در اندازی کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے’۔انہوں نے کہا کہ ان اطلاعات اور نگرانی کی بنیاد پر انسداد در اندازی گرڈ کا جائزہ لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ جمعہ کے روز صبح کے وقت دہشت گردوں کے ایک گروپ کو ایل او سی کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔
فوجی ترجمان نے کہا: ‘فوج نے دشمن کی نقل و حرکت کا مسلسل سراغ لگایا اور رابطہ قائم کیا جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس دوران ایل او سی کے آس پاس پاکستان کی اگلی چوکیوں سے وقفے وقفے سے گولہ باری بھی کی گئی’۔ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن دو دہشت گردوں کی ہلاکت پر اختتام پذیر ہوا جن کی تحویل سے 2 اے کے رائفلیں، 3 میگزین، 4 ہینڈ گرینیڈ اور دیگر اسلحہ و جنگی سامان بر آمد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا: ‘عام انتخابات اور جمہوری عمل شروع ہونے کے پیش نظر دہشت گردوں کی طرف سے در اندازی کی یہ کوشش وادی کشمیر میں بد امنی کو ہوا دینے کی پاکستان کی جانب سے مایوسی کی علامت ہے’۔انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن مختلف سیکورٹی اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کا ثبوت ہے جو کشمیر میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ لوک سبھا نشست میں 20 مئی کو پولنگ ہونے والی ہے اور لائن آف کنٹرول کے نزدیک ہونے کے پیش نظر اس نشست کو حساس سمجھا جا رہا ہے۔