امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ: جموں و کشمیر اپنی پارٹی یونٹ پلوامہ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے مدنظر آج یہاں پر ضلع پلوامہ کے گوری پورہ میں ایک پبلک کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔
پارٹی کے صدر محمد الطاف بخاری نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا مستقبل اسلام آباد یا لندن کے ساتھ نہیں ہے بلکہ بھارت کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹیاں ہیں جنہوں نے یہاں کی عوام کے لئے کچھ کام نہیں کیا اور صرف اپنے مفاد کے لئے سب کچھ کیا یہاں کی عوام سے ووٹ تو حاصل کئے مگر اسی عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا۔
الطاف بخاری نے کہا کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کا بنیادی مقصد سچائی کی سیاست کرنا اور اپنے نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا بنیادی ایجنڈا جموں و کشمیر کی ترقی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اقتدار میں آنے پر جموں و کشمیر کے باشندوں کو 500 یونٹ بجلی مفت فراہم کرے گی۔ اس موقعے پر چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طلعت مجید نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقے سیاسی طور پر یتیم تھا اور اس کو ہر وقت نظر انداز کیا گیا لیکن اب اس علاقے کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا جس کا وعدہ اپنی پارٹی کے سربراہ نے بھی کیا ہے۔
پروگرام میں جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری، نائب صدر عثمان مجید، صوبائی چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طلعت مجید، پلوامہ انچارج ڈاکٹر سمیع اللہ، صوبائی سیکرٹری عمر جان اور پارٹی کے دیگر سینئر ممبران موجود رہے۔ اور یہاں پلوامہ کے پروگرام میں عام لوگوں کی ایک اچھی تعداد نے شرکت کی۔