امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ// جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں پولیس اسٹیشن پلوامہ کی ایک ٹیم نے انڈسٹریل اسٹیٹ، چاٹہ پورہ کے قریب گشت کے دوران تین ’’مشکوک افراد‘‘ کو روک کر ان کی تلاشی لی۔ پولیس بیان کے مطابق تینوں افراد ایک موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبر JK02 BT 3985 پر سوار تھے۔ پلوامہ پولیس کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران پولیس پارٹی نے ان کے قبضے سے 370 گرام چرس برآمد کر لیا۔
پلوامہ پولیس نے ان منشیات فروشوں کی شناخت ابرار احمد یتو ساکنہ راجپورہ، ہلال احمد لاوے ساکنہ مشواڑ اور ذیشان فاروق ساکنہ چاٹہ پورہ پلوامہ کے طور پر کی ہے۔ پولیس نے تینوں منشیات فروشوں کو موقع پر ہی گرفتار کرکے جرم میں استعمال میں لائی جارہی ہے موٹر سائیکل کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں پلوامہ پولیس نے چاٹہ پورہ علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو فکی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ پلوامہ پولیس نے اس کی شناخت امتیاز احمد ساکنہ لیتر، پلوامہ کے طور پر کی ہے۔ پلوامہ پولیس نے دونوں معاملات کی نسبت سے متعلقہ پولیس اسٹیشنزمیں معاملہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وادی کے یمین و یسار میں جموں و کشمیر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی ہے اور پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک وادی کشمیر میں تین درجن سے زائد ’مطلوب‘ منشیات فروشوں کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ان منشیات فروشوں کی تحویل سے قریب پانچ کروڑ روپے مالیت کی منشیات بھی ضبط کر لی گئی ہے۔