امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں راز دان پاس پر تازہ برف باری کے پیش نظر گریز – بانڈی پورہ سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ تازہ برف و باراں اور احتیاط کے طور پر گریز – بانڈی پورہ روڈ پر اگلے احکامات تک ٹریفک کی نقل و حمل معطل کی جاتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق رازن پاس پر گذشتہ شام تازہ برف باری ہوئی ہے جس کے پیش نظر اس روڈ پر ٹریفک کو بند کر دیا گیا ہے۔
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر چھوٹی مسافر بر دار گاڑیوں کی نقل و حمل جاری ہے تاہم ناشری اور بانہال کے درمیان سڑک کی سطح ناموافق ہونے اور خانہ بدوشوں کے بھیڑ بکریوں کے جھنڈ کی نقل و حمل کے باعث ٹریفک کی رفتار سست ہے۔
حکام نے ڈرائیوروں سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے اور اوور ٹیکنگ سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ کشمیر کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک مسلسل بند ہے۔