امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ ہمیں شہر خاص کی شان رفتہ کو بحال کرنا ہے جس کا یہ مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسی سچے راستے پر چل رہے ہیں جس پر ہمارے بزرگان دین گامزن تھے۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں شہر خاص کے اپنے دورے کے دوران آستان عالیہ دستگیر(رح) صاحب خانیار میں حاضری دینے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘میں نے یہاں حاضری دے کر امید واروں کی کامیابی کے لئے دعا کی امید ہے کہ ان بزرگوں کا ہم پر کرم ہوگا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم اسی سچے راستے پر چل رہے ہیں جس پر ہمارے بزرگان دین گامزن تھے ان کی برکت سے ہی ہم قتل و غارت کے دور سے باہر نکلے’۔
ایک سوال کے جواب میں الطاف بخاری نے کہا کہ ہمیں شہر خاص کی رونق اور زینت واپس کرنی ہے جس کا یہ مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں قیام امن کا سہرا لوگوں کے سر بھی جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو یہ با ور کرائیں کہ ہم ان کے خدمتگار ہیں، ہم لوگوں کے مشکلات کو دور کرنا چاہتے ہیں’۔