امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : نیشنل کانفرنس ( این سی) کو یونین ٹیریٹری لداخ کے کرگل ضلع میں بغاوت کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ مقامی یونٹ نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کی قیادت سے اجتماعی طور پر استعفیٰ دے دیا۔ یہ اقدام این سی ہائی کمان کی ایک ہدایت کے جواب میں آیا، جس میں کرگل کے اراکین پر زور دیا گیا کہ وہ لداخ پارلیمانی نشست کے لیے انڈیا بلاک کے امیدوار، تسیرنگ نامگیال کی حمایت کریں۔ این سی کے اس فیصلے پر کرگل کیڈر کی جانب سے پارٹی کو اس مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
کرگل میں منعقدہ ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران این سی کے ایڈیشنل سیکریٹری، (کرگل لداخ)، قمر علی اخون نے بڑے پیمانے پر استعفیٰ کا انکشاف کیا، جس کی وجہ کانگریس کی قیادت والے ’’انڈیا بلاک‘‘ کے امیدوار تسیرنگ نامگیال کی حمایت کرنے کے لیے ہائی کمان کے دباؤ کو قرار دیا گیا۔ اپنے استعفیٰ کے خط میں کرگل یونٹ نے لداخ ڈیموکریٹک الائنس (ایل ڈی اے) کے محمد حنیفہ عرف حاجی حنیفہ جان کی لداخ پارلیمانی حلقہ کے لیے بطور آزاد امیدوار حمایت کرنے کے متفقہ فیصلے پر زور دیا گیا۔
این سی
این سی کارکنان کا اجتماعی استعفیٰ (تصویر: مستعفی کارکنان و لیڈران)
لداخ سے کانگریس امیدوار کی حمایت کے لیے پارٹی کی اعلیٰ کمان کے مسلسل دباؤ کے باوجود این سی اور کانگریس دونوں کے کرگل دھڑے نے اس ہدایت کی سختی سے مخالفت کی۔ نتیجتاً لداخ کے لوگوں کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے کرگل یونٹ نے پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا جس میں پارٹی کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری قمر علی آخون بھی شامل ہے۔
آخون کے دستخط شدہ استعفیٰ نامہ میں لداخ ڈیموکریٹک الائنس کے آزاد امیدوار کے طور پر محمد حنیفہ کی حمایت کرنے کے اجتماعی فیصلے پر زور دیا گیا ہے، جس میں لداخ سے انڈیا بلاک کے امیدوار کی توثیق کرنے کے لیے پارٹی کے ہائی کمان کے دباؤ کو مسترد کرنے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ: ’’مجموعی طور پر لداخ خطے کے مفاد میں اور ہمارے خطے کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے لداخ ڈیموکریٹک الائنس نے متحدہ طور پر ایک مشترکہ امیدوار یعنی محمد حنیفہ کو آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے آزاد امیدوار کے طور پر نامزد کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ہائی کمان ہم پر (ٹیلیفون کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی) لداخ سے کانگریس کے امیدوار کی حمایت کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے جو کہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس اور انڈیان نیشنل کانفرنس یونٹ کرگل سمیت سبھی کے لیے ناقابل قبول ہے۔‘‘
خط میں مزید کہا گیا ہے: ’’پارٹی ہمیں (این سی کارکنان کو) لداخ کے لوگوں کے مفاد کے خلاف کام کرنے پر اصرار کر رہی ہے۔ لہذا ہم پارٹی کی بنیادی رکنیت بشمول سبھی عہددوں سے اجتماعی طور استعفیٰ دینے پر مجبور ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ جب کرگل میں این سی – کانگریس اتحاد نے لداخ لوک سبھا سیٹ کے لیے مشترکہ امیدوار نامزد کیا تھا اس وقت دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق سیٹ الاٹمنٹ کانگریس کے حصہ میں تھی۔