امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: ہندوستان نے ہفتہ کے دن بشکیک میں اپنے طلبا سے کہا کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں۔ کرغزستان کے دارالحکومت میں بعض مقامی لوگوں اور غیرملکیوں میں جھگڑے کی خبر آنے کے بعد ہندوستان نے یہ اڈوائزری جاری کی۔
وسط ایشیائی ملک کے ہندوستانی سفارت خانہ نے کہا کہ وہ ہندوستانی طلبا سے رابطہ میں ہے اور صورتِ حال اب ”پرامن“ ہے۔
سفارت خانہ نے بشکیک میں موجود ہندوستانی طلبا سے کہا کہ وہ باہر نہ نکلیں۔ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے ہندوستانی طلبا سے کہا کہ وہ ہندوستانی سفارت خانہ سے مستقل رابطہ میں رہیں۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ بشکیک میں ہندوستانی طلبا کی فلاح و بہبود پر نظررکھی جارہی ہے۔
وہاں کی صورتِ حال اب پرامن بتائی جاتی ہے۔ طلبا کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سفارت خانہ سے رابطہ میں ضرور رہیں۔ کرغزستان کے دارالحکومت میں کل رات فساد پر قابو پانے والی پولیس فورس تعینات کردی گئی۔
مقامی لوگوں اور غیرملکیوں کے جھگڑے کے بعد برہم ہجوم سڑکوں پر نکل آیا تھا۔ دی ٹائمس آف سنٹرل ایشیا نے یہ اطلاع دی۔
کرغزستان میں مائیگرنٹس کی موجودگی پر کشیدگی بڑھنے کا پتہ چلتا ہے۔ کئی مائیگرنٹس کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے۔ کرغزستان میں ہندوستانی طلبا کی تعداد اندازہ کے مطابق لگ بھگ 15ہزار ہے۔ یہ فوری معلوم نہ ہوسکا کہ ان میں کتنے بشکیک میں رہتے ہیں۔